روس یوکرین پر حملے کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے، نیٹو کا دعوی
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے یوکرین کی سرحدوں سے فوجیوں کی تعداد میں قابل ذکر کمی سے متعلق روسی حکام کے بیان مسترد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ماسکو، کی ایف پر حملے کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔
جرمن ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے نیٹو کے سیکریٹری جنرل ینس اسٹولٹن برگ نے روس کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دعوی کیا کہ روس کو یوکرین پر حملے کے لیے ایک بہانے کی ضرورت ہے۔
اسٹولٹن برگ نے کہا کہ صورتحال سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ روس یوکرین کے خلاف بھرپور جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے مشرقی یوکرین کے علاقے دونباس میں یوکرینی فوج اور دونتسک و لوہانسک کی خود مختار حکومت کی فورس کے درمیان جھڑپوں کو اپنے دعوے کی سچائی کے لیے بطور دلیل پیش کیا جہاں روسی نژاد آبادی کی اکثریت ہے۔
یہ دعوے ایسے وقت میں دہرائے جارہے ہیں جب روسی حکام بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔