Mar ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • امریکی دھمکیاں نظرانداز، شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے امریکی دھمکیوں کو بے وقعت ثابت کرتے ہوئے آج ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا  کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ اپنے علاقے سونان سے کیا ہے۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میزائل تجربہ جنوبی کوریا اور عالمی امن و استحکام کے خلاف ہے۔

جاپان نے بھی شمالی کوریا کے اس میزائل تجربے کی مذمت کی ہے۔

جاپانی وزیرِ دفاع نے دارالحکومت ٹوکیو سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کا یہ میزائل تجربہ ناقابلِ قبول ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے حال ہی میں ایک میزائل تجربے کے موقع پر پیونگ یانگ کی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کا فرمان جاری کیا تھا۔

اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے کیم سونگ نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا شمالی کوریا کا قانونی حق ہے اور پیونگ یانگ کسی ملک پر حملے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن جب تک امریکہ اپنی مخاصمانہ پالیسیوں سے دستبردار نہیں ہوتا اس وقت تک وہ اپنے میزائل پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گا کیونکہ امریکہ کی دھمکیاں اور اس کی دشمنی، اب بہت ہی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور ایسے حالات میں اس کو اپنی حفاظت کا پورا حق حاصل ہے۔

ٹیگس