Mar ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
  • تیل کی بڑھتی قیمت، تیل پر پابندی کے نتائج سے روس نے کیا خبردار

روس نے کہا کہ اگر اسکے تیل پر پابندی لگائی گئی تو تیل کی قیمت عالمی بازار میں 300 ڈالر فی بیرل پہونچ جائے گی۔

روس کے نائب وزیر اعظم الکساندر نوواک نے پریس کانفرنس میں مغربی ملکوں کو روس کے تیل پر پابندی کے برے نتائج کی بابت خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے تیل پر پابندی کا نتیجہ تیل کے بازار کے لئے بہت ہی خطرناک ہوگا اور تیل کی قیمت فی بیرل 300 ڈالر تک پہونچ جائے گی۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ روس کے تیل کا متبادل تلاش کرنے میں یورپ کو ایک برس کا وقت لگے گا، کہا کہ روس یورپ کے لئے تیل کا سب سے بڑا سپلائر ہے۔ انہوں نے کہا یورپی ممالک سالانہ 50 کروڑ ٹن کچے تیل کا استعمال کرتے ہیں جس میں 15 کروڑ ٹن روس سے خریدتے ہیں جو انکی ضرورت کا 30 فی صد ہے۔ اسکے علاوہ یورپ روس سے سالانہ 80 ٹن پٹروکیمیکل پروڈکٹس بھی خریدتا ہے۔

روس کے نائب وزیر اعظم نے یورپ کو گیس کی برآمدات کے بارے میں کہا کہ یورپ ہمیں ایسی سمت ڈھکیل رہا ہے کہ ہمارے پاس نورڈ اسٹریم-1 گیس پائپ لائن کو بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا، حالانکہ ہم نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اس بیچ جرمنی، انگلینڈ اور نیدرلینڈ نے بھی روس سے توانائی کی درآمد پر اچانک روک لگانے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔
 

ٹیگس