Mar ۱۶, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۴ Asia/Tehran
  • جاپان میں شدید زلزلہ، سونامی کا الرٹ جاری

جاپان کے شمالی خطے فوکوشیما کے ساحلی علاقے میں 7.3 شدت کے خطرناک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور سونامی الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق جاپان کے میٹرولوجیکل ایجنسی نے کہا کہ زلزلے کی گہرائی 60 کلومیٹر زیر سمندر تھی۔

مذکورہ خطہ جاپان کے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں 2011 میں 9.0 شدت کا بدترین زلزلہ اور سونامی سے تباہی آئی تھی اور اس سے جوہری بحران بھی پیدا ہوا تھا۔

زلزلے سے کسی قسم کے نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی رپورٹس سامنے نہیں آئیں۔

بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ٹیپکو نے بتایا کہ ٹوکیو میں 7 لاکھ افراد سمیت 20 لاکھ شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

ٹوہوکو الیکٹرک پاور نے بتایا کہ شمال مشرقی خطے میں ایک لاکھ 56 ہزار افراد کے پاس بجلی ہی نہیں ہے۔

جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت صورت حال کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کے متاثرین کو امداد کے لیے ہم معلومات جمع کریں گے اور درست معلومات سے آگاہ کیا جاسکے۔

ٹیپکو کی جانب سے بھی کہا گیا کہ فوکوشیما کے جوہری پلانٹ میں آپریشن کو دیکھ رہے ہیں جو 11 سال قبل تباہ ہوگیا تھا۔

جوہری پلانٹ کے حوالے سے سرکاری ادارے نے بتایا کہ شمال مشرقی میاگی میں اوناگاوا پلانٹ میں کسی قسم کی خرابی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں میاگی کے ساحل پر 7.2 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔

ٹیگس