چین طیارہ حادثہ، بلیک باکس کی تلاش جاری
چینی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے طیارہ حادثے کا بلیک باکس تاحال نہیں ملا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق طیارے حادثے کو 36 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر چکا ہے اور اب کسی کے زندہ بچنے کے امکانات مخدوش ہوچکے ہیں اور اس طیارے میں 132 مسافر موجود تھے جبکہ حکام اس کو چین میں تین دہائیوں میں بدترین طیارہ حادثے قرار دے رہے ہیں۔
چائنا ایوی ایشن اتھارٹی میں سیفٹی دفتر کے ڈائریکٹر ژو تاؤ نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ہم حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تمام تر توجہ طیارے کے ریکارڈر پر مرکوز ہے۔ طیارے کے حادثے پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں کیونکہ مسافر بردار طیارہ چین کے جنوبی علاقے میں واقع پہاڑیوں پر 20 ہزار فٹ کی بلندی سے محض ایک منٹ میں پہاڑی پر آگرا تھا۔
حادثے کے نتیجے میں مسافروں کا سامان اور طیارے کا ملبہ پہاڑی اور جنگل میں پھیل گیا اور آگ لگی تھی۔
ایئرلائن نے تسلیم کیا کہ کوننگ سے جنوبی شہر گوانزو جانے والے طیارے میں سوار افراد ہلاک ہوچکے ہیں لیکن تمام مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کرنے سے گریز کر رہی ہے۔