Mar ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • روس کا امریکہ کو جیسے کو تیسا جواب، نیٹوکا فوجی دستہ بھیجنے کا ارادہ

امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں روس کے 12 سفارتی اہلکاروں کو ملک سے نکالنے کے اعلان کے بعد، روس نے بھی جوابی اقدام کیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ماسکو میں تعینات متعدد امریکی اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنےکا حکم جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، روس کی جانب سے اہلکاروں کی فہرست امریکی سفارتی مشن کے سربراہ کو سونپ دی گئی ہے۔

روس کے جوابی اقدام کے بعد امریکہ نے روسی صدر کے قریبی ساتھیوں کے خلاف نئی پابندیوں کا عندیہ دیا ہے جس کی روس نے مذمت کی ہے۔

 دوسری جانب یوکرین کی صورتحال پر نیٹو کانفرنس آج برسلز میں ہوگی۔ نیٹو چیف کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 4 جنگی گروپ بھیجنے کی منظوری دی جائے گی، یہ گروپ بلغاریہ، ہنگری، رومانیہ اور سلوواکیہ بھیجے جائیں گے۔

روس نے خبردار کیا ہے کہ نیٹو دستہ یوکرین آیا تو پھر روس سے براہ راست لڑائی ہوگی۔

یوکرین میں روس کے آپریشن کو ایک ماہ مکمل ہونے پر یوکرینی صدر نے دنیا بھر میں روس کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا مطالبہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ جرمنی نے 2 ہزار سے زائد ٹینک شکن ہتھیار یوکرین کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

ٹیگس