پاکستان کے حالیہ واقعات پر چین کا ردعمل، دوستانہ تعلقات جاری رہیں گے
چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی اور وزیر اعظم بدلنے سے باہمی تعلقات کی صورت حال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اس لئے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بہت خوشگوار اور مستحکم ہیں۔
چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی پالیسی کا تحفظ کرے گا۔ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں تمام جماعتیں متحد ہو کر اپنی قومی و ملکی ترقی اور پیش رفت کا عمل جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے بارے میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا موقف امریکیوں کے لئے خوش آئند نہیں تھا اور نتیجے میں امریکی مداخلت اور پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی یکجہتی سے عمران خان کی حکومت گر گئی اور شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیر اعظم بن گئے۔
پاکستان کی صورت حال پر مختلف دیگر ملکوں نے بھی اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان میں عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسی دستاویز موجود ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ ان کی حکومت گرانے میں امریکی مداخلت کارفرما رہی ہے اور امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے ان کو دھمکی بھی دی تھی۔
چنانچہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حلف لینے کے بعد علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی بات کہی ہے اور مختلف شعبوں خاص طور سے تجارت میں دوست اور برادر ملک ایران کے ساتھ روابط کی تقویت پر تاکید کی ہے۔