دو برطانوی فوجیوں کی رہائی مدودچوک کی رہائی سے مشروط ہے: روس
یوکرین میں روس کے خلاف لڑتے ہوئے دو برطانوی فوجی گرفتار ہوئے جن کی رہائی کو ماسکو نے روس کے حامی سیاسی رہنما مدودچوک کی رہائی سے مشروط کر دیا ہے۔
رویٹرز کے مطابق، روسی حکومت نے ملک کے ٹیلیویژن چینل سے ان دو برطانوی فوجیوں کو دکھایا جنہیں روسی فوجیوں نے ماریوپل شہر سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ یوکرینی فوجیوں کے ساتھ روس کے خلاف لڑ رہے تھے۔ روسی حکومت نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے روس کے حامی یوکرین کے سیاسی رہنما وکٹر مدودچوک کی رہائی کے بدلے برطانوی فوجیوں کی رہائی کی پیشکش کی ہے۔
روسی ٹی وی چینل 24 پر ان دونوں برطانوی فوجیوں شان پیئر اور آیڈن آسلن کا الگ الگ انٹرویو نشر ہوا جس میں انہوں نے بورس جانسن سے اپنی وطن واپسی میں مدد کرنے کی اپیل کی۔
روس نے جانسن سے کہا ہے کہ وکٹر مدودچوک کی رہائی کے بدلے میں ان دونوں برطانوی فوجیوں کو رہا کر دے گا۔
روس کی یوکرین کے خلاف 24 فرروی کو شروع ہوئی فوجی کارروائی کے تین دن بعد یوکرین نے مدودچوک کی نظربندی سے فرار ہونے کی خبر دی تھی۔ انہیں مئی 2021 سے گھر میں نظربند کر دیا گیا تھا اور بعد میں ان پر غداری اور دہشتگردی میں مدد کرنے کا الزام لگا۔