May ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • یوکرین کے فوجی اپنے ہی باشندوں پر گولہ باری کر رہے ہیں، روس کا دعوی

روس نے دعوی کیا ہے کہ یوکرین کے فوجیوں کی گولہ باری سے خرسون کے جنوب میں متعدد یوکرینی باشندے ہلاک و زخمی ہوئے ۔

ریانووستی کی رپورٹ کے مطابق، روس کی وزارت دفاع نے یوکرینی فوج پر خرسون کے دیہی علاقوں "کیسلیوکا اور شیروکا بالکا " میں ایک اسکول اور ایک قبرستان پر گولہ باہری کرنے کا الزام عائد کیا۔

دوسری جانب روس نے امریکہ اور نیٹو کی طرف سے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی قوتیں جنگ بندی چاہتی ہیں تو حریف ملک کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کریں۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے میڈیا سے گفتگو میں یوکرین جنگ کا ذمہ دار امریکہ اور نیٹو کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ دونوں یوکرین کو ہتھیار فراہم کرتے رہیں گے، جنگ کا خاتمہ ممکن نظر نہیں آتا۔

سرگئی لاوروف نے روسی فوج کی یوکرین میں کارروائی کے سست روی کے شکار ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روسی فوج کی عسکری کارروائیاں منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لارووف نے اقتصادی اور معاشی پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ ان کا ملک اب ڈالر پر انحصار کم کر رہا ہے اور تجارت میں ملکی کرنسی روبل کو ترجیح دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے ٹیکنالوجی سیکٹر کو بھی خود کفیل بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

ٹیگس