May ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • رائل چیلنجرز بنگلولورو کے ہاتھوں چنئی سپرکنگ کو شکست

انڈین پریمیئر لیگ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلولورو نے چنئی سپرکنگ کو شکست دے دی

آئی پی ایل کے ایک اہم میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو سے شکست کے بعد ایونٹ سے چنئی سپر کنگ کا نکل جانا تقریبا یقینی ہوگیا ہے۔

بدھ کی رات پونے میں کھیلے گئےاس میچ میں چنئی سپرکنگ نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ر ائل چنلنجرز بنگلورو کو بلے بازی کی دعوت دی ۔ رائل چیلنجرز بنگلورو نے مقررہ بیس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر ایک سو تہتر رن بنائے اور چنئی سپر کنگ کو جیت کے لئے ایک سو چوہتر رن کا ہدف دیا۔

رائل چیلنجرز بنگلورو کی طرف سے سب سے زیادہ بیالیس رن مہیپال لومرور نے اور ان کے بعد کپتان فاف ڈپلیسی نے اڑتیس اور دنیش کارتک نے چھبیس رن بنائے ۔ چنئی سپرکنگ نے بلے بازی شروع کی تو پاور پلے میں اچھا اسکور بنایا لیکن بعد میں اس کی ٹیم لڑکھڑا گئ اورصرف ایک سو ساٹھ رن ہی بناسکی ۔ اس طرح اس کو تیرہ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

چنئی سپرکنگ کی طرف سے سب سے زیادہ رن سلامی بلے باز ڈیوون کونوے نے بنائے ۔ انھوں نے سینتیس گیندوں میں دو چھکوں اور چھے چوکوں کی مدد سے چھپن رن بنائے ۔ ان کے بعد معین علی نے ستائیس گنیدوں میں دو چھکوں اور دو چوکوں کے ساتھ چونتیس رن اور رتو راج گائیکواڑ نے اٹھائیس رن بنائے ۔

اس جیت کے بعد جہاں بنگلورو نے آئی پی ایل کے ٹاپ فور میں جگہ بنالی ہے وہیں چنئی سپر کنگ کے لئے ایونٹ سےنکل جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں دس میچ کھیلے ہیں جن میں سے سات میچوں میں ہاری اور صرف تین میں جیت سکی ہے۔

ٹیگس