روس کی جانب سے ایٹمی اسلحے کے ممکنہ استعمال کی تردید
روس کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ترجمان نے روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ میں ایٹمی اسلحے کے ممکنہ استعمال کے بارے میں مغربی دعوے کی تردید کی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ترجمان الیکسی زایتسف نے جمعے کے روز کہا ہے کہ روس نے ہمیشہ مغربی ملکوں کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ روس کی جانب سے ایٹمی اسلحے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔
زایتسف نے کہا کہ روس یوکرین کے خلاف جنگ میں ایٹمی اسلحے استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انھوں نے کہا کہ روس اسی صورت میں ایٹمی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے کہ اس کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کئے جائیں۔
دریں اثنا رشین فیڈریشن کونسل یا روسی سینیٹ کے چیئرمین والنتیا ماتوینکو نے جمعے کو کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ ماسکو کی جانب سے ہر قسم کے روس مخالف اقدام کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں روسی فوجی ہر اس اقدام سے گریز کرتے رہے ہیں کہ جس سے عام شہریوں کو جانی یا کسی اور طرح کا نقصان پہنچ سکتا ہے اور وہ عام شہریوں کو جانی تحفظ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔