ایران اور وینزویلا دو انقلابی اور برادر ممالک ہیں: نیکلاس مادورو
وینزویلا کے صدر نے کہا ہے کہ نسل پرستی، سامراج اور استکبار کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے تہران اور کاراکاس کا مشترکہ موقف ہے اور ایران اور وینزویلا دنیا میں نئے نظام کے ظہور کے ہراول دستے میں شمار ہوتے ہیں۔
سحر نیوز ایران: وینزویلا کے صدر نیکلاس مادورو اپنے یوریشیائی دورے کے تیسرے مرحلے میں گزشتہ روز تہران پہنچے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ہسپانو ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران اور وینزویلا کی انقلابی تاریخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور اس کے بعد تعلقات کا نیا باب کھلنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد تہران اور کاراکاس کے مابین براہ راست پرواز شروع کی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پابندیوں کے درمیان وینزویلا کو تیل کی فراہمی میں ایران کا اقدام اس کے عوام کے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر نیکلاس مادورو گزشتہ روز اعلیٰ سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے۔ وینزویلا کے صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجت الاسلام رئیسی کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، علاقائی امور اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ اسکے علاوہ قائد انقلاب اسلامی سے بھی انکی ملاقات متوقع ہے۔