Jul ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • یوکرین کے اہم شہر لائسچانسک پر روسی کنٹرول، یوکرینی فوج کی پسپائی

روس نے یوکرین کے اہم شہر لائسچانسک کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس کے بعد یوکرین کی فوج نے اس شہر سے پسپائی اختیار کر لی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی فوج نے اہم شہر لائسچانسک سے پسپائی اختیار کی اور اپنے فوجیوں سے کہا ہے کہ وہ شہر سے نکل جائیں۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی نے اہم شہر لائسچانسک کے سقوط کر جانے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ ہم اپنی سرزمین کے ہر ایک حصے من جملہ لائسچانسک کو دوبارہ  لے لیں گے۔

روسی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا کہ سرگئی شوئیگو نے روسی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف ولادیمیر پوتین کو عوامی جمہوریہ لوگانسک کی آزادی سے آگاہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ روس کی طرف سے ایسی کامیابیوں کا دعویٰ روسی افواج کے لیے ایک فیصلہ کن پیش رفت کی طرف اشارہ ہے جو حملے کے چار ماہ سے زیادہ عرصہ سے دارالحکومت کیف سے اپنی توجہ ہٹانے کے بعد مشرقی یوکرین کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ٹیگس