Jul ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
  • سری لنکا کے صدر آج علی الصبح مالدیپ فرار کر گئے

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے صدر گوٹابایہ راجا پاکسے بدھ کو علی الصبح مالدیپ کے ویلانا بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ گئے ہیں۔

سری لنکا کی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے بدھ کی علی الصبح صدر گوتابایا راجا پاکسے اور ان کے اہل خانہ کے لئے طیارہ فراہم کیا، جس میں سوار ہو کر وہ ملک چھوڑ کر مالدیپ پہنچے۔

ڈیلی مرر کے مطابق انہیں یہ فلائٹ سروس موجودہ حکومت کی درخواست پر سری لنکا کے آئین میں قائم مقام صدر کو حاصل اختیارات کے مطابق وزارت دفاع کی مکمل منظوری کے ساتھ بندرانائیکے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے امیگریشن، کسٹمز اور دیگر تمام قوانین کے تحت دی گئی۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان کا فوجی طیارہ دیر رات تین بجے (مقامی وقت کے مطابق) مالدیپ کے دارالحکومت مالے پہنچا۔ گوتابایا راجا پاکسے پارلیمنٹ کے اسپیکر کو پہلے ہی یہ بتا چکے تھے کہ وہ بدھ کو صدارتی عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سال سری لنکا ایک سنگین معاشی بحران سے دوچار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں مظاہروں کا طویل سلسلہ رہا ہے جو آخر میں حکومت کے خاتمے پر منتج ہوا۔

سری لنکا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مہندا یاپا ابے وردھنے نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے 20 جولائی کو پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگس