Jul ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • کریمیہ پر جارحیت کی تو قیامت برپا کردیں گے: روس

روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمیتری میدودیف نے خبردار کیا ہے کہ جزیرہ نمائے کریمیہ پر ہر طرح کی غیرملکی جارحیت کا ٹھوس اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا

روس کے قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمیتری میدودیف نے یوکرین اور مغربی طاقتوں کی جانب سے کریمیہ کو روس کا حصہ تسلیم نہ کرنے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے، اس اقدام کو روس کی ارضی سالمیت کے خلاف باضابطہ خطرہ قرار دیا ہے۔

میدودیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ روس کسی بھی غیرملکی جارحیت کے جواب میں قیامت برپا کرسکتا ہے اور ہرگز جھجھک سے کام نہیں لے گا۔

قابل ذکر ہے کہ یوکرینی حکام نے گذشتہ روز جزیرہ نمائے کریمیہ کو ان کے بقول واپس لینے کے لئے امریکی میزائل ہیمارس کا سہارا لینے کا دعوی کیا تھا جس کے بعد دیمیتری میدودیف کا یہ بیان سامنے آیا۔

یاد رہے کہ واشنگٹن نے گذشتہ دنوں کیف کو یہ میزائل فراہم کئے تھے۔ روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے اس سے قبل بھی ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ایک ملک کو سزا دینے اور عالمی برادری پر اس کے تباہ کن اثرات کی جانب سے خبردار کیا تھا۔

واضح رہے کہ جزیرہ نمائے کریمیہ کے ستانوے فیصد باشندوں نے سولہ مارچ سن دو ہزار چودہ کو ہونے والے ایک ریفرنڈم کے تحت، یوکرین سے علیحدگی اور روس میں شمولیت پراپنی رضامندی ظاہر کردی تھی۔

ٹیگس