تائیوان چین کا حصہ ہے، نہ کہ امریکہ کا: بیجنگ
چین کے وزیر خارجہ نے واشنگٹن سے مخاطب ہوکر کہا ہے کہ تائیوان امریکہ کا حصہ نہیں بلکہ چین کا جز ہے۔
اپنے دورہ بنگلادیش کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ امریکہ تائیوان کے معاملے میں حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے تائیوان کے مسئلے میں چین کے اقدامات کو منصفانہ، قانونی اور متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کے تمام اقدامات چین کی ارضی سالمیت اور اس کے اقتدار اعلی کے تسلسل میں انجام دیئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے بیجنگ کو اطلاع دیئے بغیر تائیوان کا دورہ کیا تھا۔ چین نے اسے ون چائنا پالیسی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس دورے پر اپنی برہمی ظاہر کی اور تائیوان کے اطراف کے سمندروں میں بھاری فوجی مشقیں انجام دیں۔ بیجنگ نے امریکہ اور تائیوان کو اس اقدام کے نتائج کی جانب سے بھی خبردار کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ نے سن انیس سو بہتّر میں یہ بات باضابطہ طور پر تسلیم کرلی تھی کہ تائیوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے اور واشنگٹن اس موضوع کو ہرگز چیلنج نہیں کرے گا۔