ایٹمی بجلی گھر پر یوکرین کی گولہ باری کا نتیجہ خوفناک ثابت ہوسکتا ہے: روس
روس نے کہا ہے کہ یوکرین زاپو روژیا ایٹمی بجلی گھر پر گولہ باری کرکے یورپ کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے کہا ہے کہ کیف نہ صرف روسی عوام کو نشانہ بنا رہا ہے بلکہ خود یوکرین بھی اس کا ٹارگیٹ بن گیا ہے۔
زاخارووا نے کہا کہ دراصل یوکرین کی قیادت نے پورے یورپ کو یرغمال بنایا ہے اور اپنے نسل پرستانہ نازی اہداف تک پہنچنے کے لئے اس ایٹمی بجلی گھر کو آگ لگانے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین ان ری ایکٹروں اور ایٹمی ایندھن کے ذخیروں پر گولہ باری کر رہا ہے جہاں پر سرگرمیاں جاری ہیں۔ کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے بھی زور دیکر کہا ہے کہ ماسکو کا ان ممالک سے جو یوکرین کی قیادت پر اثر و رسوخ رکھتے ہیں، مطالبہ ہے کہ کیف پر دباؤ ڈال کر ایسے واقعات کو روکنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے زاپوروژیا ایٹمی بجلی گھر پر گولہ باری کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ کسی حادثے کی صورت میں یورپ کے وسیع حصے میں تباہی آسکتی ہے۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترس نے یوکرین کے ایٹمی بجلی گھر پر گولہ باری کو خودکشی کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے یوکرین کی جنگ کی طوالت کی جانب سے بھی پریشانی ظاہر کی ہے۔