امریکی اراکین پارلیمان کے دورہ تائیوان پر چین کا ردعمل
چین نے کہا ہے کہ امریکی اراکین پارلیمان کے جزیرہ تائیوان کے اشتعال انگیز دورے کے جواب میں ، اس خطے میں فوجی مشقیں وسیع تر کی جائیں گی ۔
رائٹرز کے مطابق تائیوان کے علاقے میں تعینات چینی فوج کے آپریشنل دستوں نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ عنقریب جزیرہ تائیوان کے اطراف میں، وسیع تر سمندری اور فضائی مشقیں انجام دی جائیں گی ۔
دوسری طرف تائیوان انتظامیہ نے کہا ہے کہ تائیپے، علاقے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون بڑھارہا ہے اور تائیوں کے امن و سکون کو درہم برہم کرنے والے ہر اقدام کا جواب دیا جائے گا۔
اس دوران چینی وزارت دفاع نے امریکی حکام، عہدیداروں اور اراکین پارلیمان کے دورہ تائیوان کو چین کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
چین کی وزارت دفاع کے مطابق جزیرہ تائیوان میں امریکا کے حالیہ اقدامات نے اس کا حقیقی چہرہ دنیا والوں کو دکھا دیا کہ امریکا درحقیقت امن و استحکام کا دشمن ہے ۔
چینی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس خطے میں ایسے ہر اقدام کے مقابلے میں استقامت سے کام لے گا جو اس کی ارضی سالمیت کو خطرے میں ڈالتا ہو۔ چینی فوج نے خبردار کیا ہے کہ ہر قسم کی مداخلت کا سخت ترین جواب دیا جائے گا۔