روسی ہیکرز کا یوکرین کی اہم تنصیبات پر بڑا حملہ
روسی ہیکرز نے یوکرین کے غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنٹوں کی معلومات کو بے نقاب کر دیا۔
سحر نیوز/ دنیا: ایک روسی ہیکر گروپ نے یوکرین کی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے 1500 سے زائد ملازمین کی معلومات کو بے نقاب کردیا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی ہیکنگ گروپ RaHDIt نے یوکرین کی فارن انٹیلی جنس سروس ایس وی آر کے 1500 سے زائد ملازمین کی ذاتی معلومات شائع کردی ۔
Sputnik خبر رساں ایجنسی کے ساتھ ایک انٹرویو میں، قانون نافذ کرنے والے ایک گمنام ذریعے نے پیر کو ہیکر گروپ Nemezida (Nemesis) کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ڈیٹا کی صداقت کی تصدیق کی ۔
اس رپورٹ کے مطابق، یہ معلومات یوکرین کی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے ایجنٹوں سے متعلق ہیں جو امریکہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، پولینڈ، آذربائیجان، ارجنٹائن، ہنگری، یونان، عراق، جنوبی افریقہ، تاجکستان اور دیگر ممالک کے سفارتخانوں میں کام کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، ہیکرز نے یوکرین کی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے ان ایجنٹوں کے ڈیٹا کو بے نقاب کیا جو اقوام متحدہ، نیٹو اور یورپی یونین کے مشنز میں کام کر رہے ہیں۔ اس ہیکر گروپ نے یوکرین کے اندر غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے 40 مقامات بشمول تعلیمی اداروں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔
یہ کارروائی جولائی میں یوکرین کے ملٹری ڈیپارٹمنٹ کے مین انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ جی یو آر کے 2500 افسران کی معلومات کے بے نقاب ہونے کے بعد کی گئی ہے۔
اس ہیکر گروپ نے اعلان کیا کہ شائع شدہ ڈیٹا میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ایجنٹوں کے رشتے داروں کے ساتھ ان لوگوں کی بھی معلومات شامل ہیں جو اپنے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالتے ہیں۔ ان ہیکرز کے مطابق یوکرین کے ملٹری ڈپارٹمنٹ کے مرکزی انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے افسران میں منشیات کے عادی، چوری میں ملوث، ہتھیاروں اور منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور سنگین جسمانی نقصان اور عصمت دری کے مرتکب جیسے مجرموں کے نام شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حاصل کردہ ڈیٹا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کر دیا ہے۔