مغربی ممالک، وسطی ایشیا میں جھڑپوں کے لئے ماحول گرم کر رہے ہیں: پوتین
روس کے صدر نے کہا ہے کہ سوویت یونین ٹوٹنے کے نتیجے میں ہی یوکرین سمیت خودمختار ریاستیں جنگ میں الجھی ہوئی ہیں۔
تاس نیوز ایجنسی کے مطابق، روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے وسطی ایشیائی ممالک سی آئی ایس کے انٹیلی جنس سربراہوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا ۔ اس خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو کچھ یوکرین کی جنگ اور بعض دیگر سی آئی ایس ممالک کی سرحدوں پر ہو رہا ہے وہ سب سوویت یونین ٹوٹنے کا نتیجہ ہے۔
ولادیمیر پوتین نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران وسطی ایشیا کے ممالک کے درمیان جو ایک زمانے میں سوویت یونین میں شامل تھے، جھڑپوں میں شدت آگئی ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ مغربی ایجنسیاں وسطی ایشیا کے ممالک کے مابین نئے اختلافات اور جھڑپوں کے لئے ماحول تیار کر رہی ہیں ۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل کرغیزستان اور تاجکستان کی سرحدی افواج کے مابین اچانک جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم چوبیس افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ان جھڑپوں کے بارے میں اب تک کوئی ٹھوس وجہ پیش نہیں کی گئی ہے۔