Oct ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے میزائلی تجربوں کا جواب امریکہ اور جنوبی کوریا نے مل کر دیا

امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے میزائلی تجربوں کا جواب مل کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے نئے میزائل تجربے کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا کی جانب سے عسکری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے 2، 2 میزائل فائر کردیے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق واشنگٹن اور سیئول نے پیانگ یانگ کی جانب سے میزائل تجربے کے بعد ردعمل کے طور پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے 4 میزائل بحیرہ جاپان میں داغ دیے۔

جنوبی کوریا  کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے امریکی ساختہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 2، 2 اے ٹی اے سی ایم ایس بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ میزائل فائر کرنے کی یہ کارروائی دراصل گزشتہ روز شمالی کوریا کی جانب سے طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تجربے کا جواب ہے۔

قبل ازیں جنوبی کوریا کے صدر نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ کی جانب سے اشتعال انگیز تجربات کا سخت جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا نے امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کا 10 دنوں کے اندر یہ پانچواں میزائل تجربہ تھا۔

ٹیگس