نیٹو کے رکن ملکوں کی جانب سے مشترکہ فضائی دفاعی سسٹم تشکیل دینے کا اعلان
نیٹو کے رکن پندرہ یورپی ملکوں نے ایک مشترکہ فضائی دفاعی سسٹم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جرمنی اور نیٹو کے چودہ دیگر ارکان نے یورپین اسکائی شیلڈ کے نام کے اس سسٹم کو تیار کرنے کے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کردیئے ہیں۔ ان دستاویزات پر جرمن وزیر دفاع اور ان کے یورپی ہم منصبوں نے برسلز میں نیٹو اجلاس کے موقع پر دستخط کئے۔
جرمن وزیر دفاع کریسٹین لامبرشٹ نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام روس کے ایٹمی خطرے کے پیش نظر اور یورپ کی حفاظت کے لئے مشترکہ ذمہ داری کے تحت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم یورپ کے اپنے مالی ذرائع کی بنیاد پر قائم کیا جائے گا۔
جرمن وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست، مالیات اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں یورپی اتحاد کے بل بوتے پر یورپی فضائی دفاعی سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ برطانوی وزیر دفاع بن والیس نے بھی اس موقع پر دعوی کیا کہ روس نے اپنے آخری حملے میں یوکرین کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ان لوگوں کی حمایت کی جائے جو ان کے بقول اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں لہذا یوکرین کو زمین سے فضا پر مار کرنے والے ایم رام میزائل فراہم کئے جائیں گے۔
والیس نے مزید کہا کہ ان ہتھیاروں کی مدد سے یوکرین امریکی مزائلوں کے ساتھ ساتھ برطانوی میزائلوں سے اپنے فضائی دفاع کو یقینی بنا سکے گا۔