سابق امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابات کی صحت پر سوال اٹھا دئے
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان اور سینٹ کے وسط مدتی انتخابات کی صحت پر سوال اٹھا دیا ہے۔
سحر نیوز/دنیا: بعض حلقوں میں ووٹنگ مشینوں میں خرابی آ جانے کے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایریزونا، ڈیٹروئٹ، پینسلوانیا نیو جرسی اور بعض دیگر علاقوں میں جاری انتخابی عمل کی صحت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فیک اور جعلی چینلز ان خبروں کو کوریج نہیں دیں گے۔
بعض حلقوں میں ووٹنگ مشین میں خرابیاں آ جانے کے بعد امریکہ میں وسط مدتی انتخابات پر سوال اٹھنے لگے ہیں اور دھاندلی کے امکان کو حکومت کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود اسکے خدشات میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔
موصولہ رپورٹس کے مطابق ایریزونا کے مارکوپا علاقے میں انتخابی انتظامیہ کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کرنے والی بیس فیصد مشینیں تکنیکی خرابی کے باعث شمار کئے جا چکے ووٹوں کو درج نہیں کر رہی ہیں۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر انتخابات میں دھاندلی کے خدشات کا معاملہ گرما گیا ہے۔تاہم امریکی حکام کا کہنا انتخابات میں دھاندلی کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔