ایران مخالف قرارداد یورپی ٹرائیکا اور امریکہ کی سازش: ایران
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے آئی اے ای اے میں امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کی ایران مخالف قرارداد کو بے نتیجہ قرار دیا ہے۔
ایران کے نائب صدر اور ایران کی ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی جدید ترین ایران مخالف قرارداد کو یورپی ٹرائیکا اور امریکہ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کو قرارداد پاس کرانے اور پابندی عائد کرنے کی لت لگ گئی ہے لیکن انہیں جان لینا چاہئے کہ اس طرح کے دباؤ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔
محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے اس اقدام کو سراسر غلط قرار دیتے ہوئے زور دیکر کہا کہ ایران اس حرکت پر سخت ردعمل ظاہر کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پارلیمنٹ (مجلس شورائے اسلامی) کے اسٹریٹیجک اقدام کے قانون کے مطابق جاری ہے اور ایران کے خلاف مسلسل قراردادیں منظور کروا کر اس قانون پر عملدرامد کو روکا نہیں جاسکتا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے پیش کردہ ایران مخالف قرارداد، سترہ نومبر کو آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کو پیش کی گئی تھی تاہم اس بار کی ووٹنگ میں قرارداد کے مخالف ممالک کی تعداد میں اضافہ دکھائی دیا۔ امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کے شدید دباؤ کے باوجود پانچ ممالک نے اس ووٹنگ میں شرکت نہیں کی اور روس اور چین نے اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔