امریکہ میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ، 5 افراد ہلاک
امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے جس میں 5 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی ٹی وی چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق ریاست کولوراڈو کے شہر کولوراڈو اسپرنگس میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب “کلب کیو” میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 5 افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ 18 زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے اور دو زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی۔
امریکہ کی غیر مصدقہ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے اسنائپر رائفل کا استعمال کیا اور کم سے کم 10 افراد کو گولی ماری۔ حملہ آور اور اس حملے کے پیچھے اس کے مقاصد کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مقامی عہدیداروں نے اتوار کو بتایا کہ 22 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے البتہ حملہ آور اسپتال میں زیر علاج ہے کیونکہ وہ بھی فائرنگ کے دوران زخمی ہوگیا تھا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کا نام اینڈرسن لی آل ڈرچ بتایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سنہ 2021 میں بھی اسی نام اور اسی عمر کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا البتہ پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے کہ کیا یہ وہی شخص ہے تاہم اتنا کہا ہے کہ پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ حراست میں لئے گئے شخص کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں؟