بیلاروس کے وزیر خارجہ اچانک انتقال کرگئے، ایران کی تعزیت
بیلاروس کے وزیر خارجہ ولادیمیر ماکی 64 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے۔
سحر نیوز/دنیا: بیلاروس کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے وزیر خارجہ آج اچانک انتقال کرگئے ہیں، وزارت کی جانب سے ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ولادیمیر ماکی 1958 میں بیلاروس کے علاقے گروڈنو میں پیدا ہوئے، وہ 2012 سے وزارت خارجہ کے امور سنبھال رہے تھے۔
روسی میڈیا کے مطابق بیلاروس کے آنجہانی وزیر خارجہ کی پیر کے روز روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات طے تھی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللهیان نے ان کی اچانک موت پر ان کے اہلخانہ اور بیلا روس کی حکومت سے تعزیت کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے وزیر خارجہ کے عہدے کے دوران ایران کے ساتھ اچھے اور تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بھر پور کوشش کی اور کچھ عرصے قبل بھی ان کا دورۂ ایران اسی کے سلسلے میں تھا۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر خارجہ کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے۔
دوسری جانب روس نے ولادیمیر ماکی کی اچانک موت کو گہرا صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ روس اور بیلاروس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔