Nov ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • کینیڈا کی ایران مخالف قرارداد سیاسی اور تخریبی: اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب

اقوام متحدہ میں نا‏ئب ایرانی مندوب نے کینیڈا کی ایران مخالف قرارداد کو سیاسی اور تخریبی قرار دیتے ہوئے اسے سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: نیویارک سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مندوب غلام حسین درزی نے انسانی حقوق سے متعلق کینیڈا کی ایران مخالف قرارداد کے بارے میں کہا ہے کہ ایران اس قرارداد کو سختی سے مسترد کرتا ہے جو سیاسی محرکات کے تحت تیار کی گئی ہے اور مکمل طورپر تخریبی ہے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران  کے نائب مندوب غلام حسین درزی نے کہا ہے کہ ہم اس قرارداد اور اس کے پیچھے جو نیت کار فرما ہے، اس کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قرارداد کا مقصد انسانی حقوق کی اقدار نہیں بلکہ سیاسی اہداف ہیں۔  ایران کے نائب مندوب نے کہا کہ اس قرارداد میں انسانی حقوق کے میدان میں ایران کی پیش رفت، موجودہ قومی سرگرمیوں، اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے انجام پانے والے ایرانی حکام کے اقدامات، ملک کے آئین اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق انسانی حقوق کی حمایت میں  ہماری فعالیت کو نظرانداز کیا گیا ہے۔  

قابل ذکر ہے کہ انسانی حقوق سے متعلق کینیڈا کی ایران مخالف قرارداد بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں منظور کر لی گئی لیکن اس کے حق میں ووٹوں کی تعداد مجموعی طور پر مخالفت میں ووٹ دینے والے اور مخالف اور غیر حاضر اراکین سے کم تھی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں یہ قرارداد صرف 79 ووٹوں سے منظور کر لی گئی۔ 28 ممالک نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا اور 63 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، اس طرح مخالف اور حصہ نہ لینے والے اراکین کی کُل تعداد 91 ہوگئی۔ اس کے علاوہ 23 ممالک غیر حاضر تھے۔

قرارداد کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک میں روس، چین، ہندوستان، انڈونیشیا، عراق، عمان، بیلاروس، الجزائر، ویتنام، زمبابوے، تاجکستان، ترکمانستان، آرمینیا، پاکستان، کیوبا، کانگو، نکاراگوا، مالی، برونڈی، برکینا فاسو اور اریٹیریا شامل تھے۔ کینیڈا، امریکہ، اسرائیل، برطانیہ، فرانس، لکسمبرگ، اٹلی، ایسٹونیا، جاپان، یوکرین اور مراکش اس ایران مخالف قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والوں میں شامل تھے۔

 

ٹیگس