کینیڈا ورلڈ کپ سے باہر، جرمنی اور اسپین کا میچ ایک ایک گول سے برابر
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 میں جرمنی اور اسپین کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا جبکہ کینیڈا کروشیا سے شکست کھانے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔
سحر نیوز/اسپورٹس: فٹ بال ورلڈ کپ میں جرمنی اور اسپین کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا، جرمنی کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کیلئے اگلے مقابلے میں کوسٹاریکا کو ہرانا لازمی ہے۔
الخور کے البیت اسٹیڈیم میں اسپین اور جرمنی کے درمیان کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف صفر، صفر سے برابر رہا، مگر دوسرے ہاف کے 62 ویں منٹ میں اسپین کے ایلویرو موراٹا نے اسپین کی جانب سے گول کردیا۔
پھر اسکے بعد جرمنی نے بھی اپنی جدو جہت تیز کرتے ہوئے 83 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور میچ ایک، ایک سے برابری پر ختم ہوا۔
دوسری جانب کینیڈا کروشیا سے شکست کھا کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 کے گروپ میچ میں کروشیا نے کینیڈا کو 1-4 سے شکست دے دی۔
قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایف کے میچ میں کینیڈا نے جارحانہ انداز میں کھیل شروع کرتے ہوئے 68 ویں سکینڈ پر پہلا گول کرکے فاتحانہ آغاز کیا تاہم کروشین کھلاڑیوں نے جم کر حملے کرکے کینیڈا کو شکست سے دوچار کردیا۔
کروشیا سے 4 کے مقابلے میں 1 سے شکست کے بعد کینیڈین ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے گروپ 16 راؤنڈ سے باہر ہوگئی ہے۔
اس سے قبل میزبان ملک قطر کی ٹیم ورلڈ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم قرار پا چکی ہے۔