Dec ۱۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • فائنل کوئی بھی جیتے، ورلڈ کپ مراکش کے نام ہوا

فائنل ارجنٹینا جیتے یا فرانس لیکن فٹبال ورلڈ کپ 2022 مراکش کے نام رہے گا۔ یہ تبصرہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سیمی فائنل میں فرانس کے مقابلے مراکش کی شکست کے بعد کیا ہے۔

سحر نیوز/اسپورٹس: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں مراکش نے جان لڑا دی، بس ذرا سی کمی رہ گئی جس سے مراکش فائنل تک رسائی میں ناکام ہوگیا۔

البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے تھیو ہرنانڈس نے میچ کے پانچویں ہی منٹ میں پہلا گول کر دیا جس کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملے تیز کئے مگر وہ کوئی گول کرنے میں ناکام رہی اور وقفے تک مقابلہ ایک صفر رہا۔دوسرے ہاف میں مراکش کی ٹیم نے حکمت عملی میں تبدیلی لاتے ہوئے فرانس کے خلاف اٹیکنگ رویہ اپنایا جس کے بعد اُسے گول کے متعدد مواقع ملے مگر پھر بھی وہ گول نہ کرسکی۔

مراکش کو دوسرا جھٹکا اُس وقت لگا جب میچ کے اناسی ویں منٹ میں کولو موآنی نے گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔دفاعی چیمپئن کہلانے والی فرانس کی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے۔ ورلڈ کپ کا فائنل اب اتوار کو کھیلا جائے گا جس میں فرانس کا مقابلہ مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔

واضح رہے کہ مراکش کی ٹیم نے اس بار کے ورلڈ کپ میں اپنی حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار افریقہ اور دنیائے اسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور گزشتہ روز کے میچ میں بھی اُس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مراکش کے کھلاڑیوں نے شکست کے باوجود شکر کے سجدے کئے اور فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

مراکش کی ٹیم پورے ورلڈ کپ کے دوران فلسطین سے اپنی حمایت کے لئے بھی خوب سرخیوں میں رہی اور اُس نے اپنی ہر کامیابی کی خوشی میں فلسطین کو بھی ساتھ رکھا اپنے پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطینی پرچم بھی خوب لہرایا۔

ٹیگس