فرانس میں اینٹی بائیوٹک کی قلت، پیراسٹامول ناپید
فرانس میں اینٹی بائیوٹک سمیت متعدد دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سال کے آخری ایام میں فرانس بھر کے بیشتر دواخانوں میں ایموکسی سیلین کی مختلف دواؤں اور پیراسٹامول کا اسٹاک ختم ہوگیا ہے۔
اہم اور ضروری اینٹی بائیوٹک ادویات کی قلت نے بالخصوص سردیوں کے موسم میں جن کا استعمال عام طور پر سب سے زیادہ ہوتا ہے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
ایٹی بائیوٹک کی طلب کے تخمینے میں دواساز کمپنیوں کی غلطی اور چین میں کورونا کے دوبارہ زور پکڑنے کے باعث پیدا ہونے والی خام مال کی قلت کو فرانس اور دیگر یورپی ملکوں میں انٹی بائیوٹک دواؤں کے فقدان کی اہم وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
نزلہ، زکام اور سردی میں پھیلنے والی دوسری وائرل بیماریوں میں اضافے کے پیش نظر اگر کم سے کم مدت میں دواؤں کی کمی پر قابو نہ پایا گیا تو فرانسیسی نیشنل ڈرگ اتھارتی کو انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فرانسیسی نیشنل ڈرگ اتھارٹی کو گزشتہ سال کے دوران اینٹی بائیوٹک ادویات اور پیراسٹامول کی کمی کے بارے میں ایک ہزار سے زائد انتباہات موصول ہوچکے ہیں۔