برطانیہ، شاہی خاندان کے اختلافات بڑھ گئے، بھائی بھائی کے بنے دشمن
برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ 2019 میں ان کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان پر حملہ کرتے ہوئے گریبان پکڑا اور انہیں فرش پر گرا دیا تھا۔ ہیری کی نئی کتاب ’اسپیر‘ رواں ماہ جاری ہوگی۔
سحر نیوز/ دنیا: برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ نے کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 38 سالہ شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ لندن کے اپنے گھر کے باورچی خانے میں بڑے بھائی ولیم کے ساتھ کسی بات پر مداخلت ہوئی جس کے بعد ولیم نے میری اہلیہ میگھن مارکل کو پیچیدہ اور بدتمیز کہا جس کے بعد ہماری بحث ہوئی اور پھر میرے بڑے بھائی نے مجھے فرش پر گرا دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ولیم نے میرا گریبان پکڑا اور میرے گلے میں پہنا ہوا ہار توڑ دیا جس کے بعد انہوں نے مجھے فرش پر گرایا۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق اپنی نئی کتاب میں انہوں نے کہا کہ فرش پر رکھے پیالے کے ٹکڑے میری کمر پر لگے جس کی وجہ سے میری کمر پر زخم کے نشانات آگئے۔
بعد ازاں ہیری نے اپنے بھائی کو وہاں سے جانے کو کہا جس کے بعد ولیم اپنے عمل پر افسردہ اور معذرت خواہ نظر آرہے تھے۔
کتاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’بعد ازاں ولیم میرے پاس آئے اور کہا کہ میگھن کو اس بارے میں کچھ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہیری نے جواب دیا کہ ’تمہارا مطلب جو تم نے مجھ پر حملہ کیا ہے؟‘ جس پر شہزاہ ولیم نے جواب دیا کہ ’میں نے تم پر حملہ نہیں کیا‘۔
ہیری کی کتاب میں دونوں بھائیوں کے درمیان حالیہ تنازعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ان کے والد شہزادہ چارلس اپنی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے گزشتہ برس ستمبر میں 96 سال کی عمر میں انتقال کے بعد رواں سال مئی میں تاجپوشی کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ہیری اور ان کی 41 سالہ اہلیہ میگھن مارکن نے نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ ہونے والے تجربات کا ذکر کیا تھا اور ساتھ ہی مارچ 2020 میں شاہی حیثیت سے دستبردار ہوکر عام افراد کی طرح زندگی گزارنے کے لیے امریکا منتقل ہونے کی بھی وجوہات بتائی تھیں۔
ڈاکیومنٹری میں اس جوڑے کے شاہی خاندان، میڈیا اور عوام سے مشکل تعلق کی بات ہوئی تھی۔
شہزادہ ہیری ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ وہ ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد اور بھائی کو واپس لانا چاہتے ہیں۔
شہزادہ ہیری کا برطانیہ کے ’آئی ٹی وی‘ چینل کے ساتھ انٹرویو رواں ہفتے نشر ہوگا۔