اسرائیل کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے، صدر کا جھلکا درد
صیہونی حکومت کے صدر نے تشویش ظاہر کی ہے کہ اسرائیل کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے صدر نے مقبوضہ علاقوں میں لاکھوں افراد کے مظاہروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہ حکومت ایک بڑے اختلاف کی گرفت میں ہے اور اس حکومت کا شیرازہ بکھر سکتا ہے۔
صیہونی حکومت کے صدر "اسحاق ہرزوگ" نے 15 جنوری کو مقبوضہ علاقوں کے لاکھوں باشندوں کے مظاہروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔
i24 نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہرزوگ نے صیہونی حکومت کے عدالتی نظام میں اصلاحات کے سلسلے میں کابینہ کے اقدامات اور مواقف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تاکید کی کہ عدالتی نظام کی اصلاحات پر اختلاف ہماری قوم کے ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج میں دو اہم مسائل پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں جن کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ میں بطور صدر ذمہ دار ہوں، ایک آئین میں بے مثال تاریخی بحران کو روکنا اور قوم کے اندر تقسیم کو روکنا۔
صیہونی حکومت کے صدر نے بیت المقدس میں اپنی رہائش گاہ سے مقبوضہ علاقوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور بحرانوں کے بارے میں کہا کہ ہم بہت بڑے اختلافات کا شکار ہیں، یہ تنازعہ مجھے بہت پریشان کرتا ہے، جیسا کہ اس سے اسرائیل میں بہت سے لوگ پریشان ہیں۔