Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • سی آئی اے کے خلاف

میلکم ایکس کی بیٹی نے اپنے والد کے قتل کی برسی پر ایک پریس کانفرنس کی اور اعلان کیا کہ وہ اس قتل کے سلسلے میں سی آئی اے، ایف بی آئی اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے خلاف مقدمہ کر رہی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: میلکم ایکس کی بیٹی نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے قتل کے حوالے سے امریکہ کے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شکایت درج کروائیں گی۔

میلکم ایکس کی دو بیٹیوں ایلیزا شاباز اور کوبیلا شاباز نے میلکم ایکس کے قتل کی برسی کے موقع پر اسی جگہ پریس کانفرنس کی جہاں 21 فروری 1965 کو نیویارک میں ان کے والد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا اور اسی جگہ سے انہوں نے مقدمہ چلانے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انہوں نے بتایا کہ سی آئی اے، ایف بی آئی اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ان کے والد کے قتل میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف شکایت درج کرائیں گی۔

اس پریس کانفرنس میں ایک امریکی وکیل "بین کرمپ" بھی موجود تھے اور انہوں نے امریکی انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف 100 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کرنے کے اپنے منصوبے کی اطلاع دی۔

میلکم ایکس امریکہ میں سیاہ فاموں اور مسلمانوں کے حقوق کے لیے لڑنے والے ایک سول کارکن تھے جنہیں 1965 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ میلکم ایکس 19 مئی 1925 کو نیبراسکا میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام "میلکم لٹل" ہے جنہوں نے "امۃ الاسلام" گروپ میں شامل ہونے کے بعد "میلکم ایکس" نام کا انتخاب کیا۔ وہ امریکہ میں نسلی امتیاز اور سیاہ فاموں کے حقوق کے خلاف اپنی جدوجہد کے لیے مشہور ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میلکم ایکس کے قتل کے اصل مجرموں کے بارے میں کئی دہائیوں سے سوالات اور شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

ٹیگس