اسرائیل شدید اختلافات کی زد میں، عرب شہریوں سے بھی اسرائیلیوں کی درخواست
صیہونی حکومت کے سابق وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی داخلی سیکورٹی کے وزیر ایتمار بن گوویر ایک دہشت گرد ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: فلسطینی خبر رساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق اولمرٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بن گوویر ایک دہشت گرد ہیں، اسی بنیاد پر مجھے توقع تھی کہ پولیس گزشتہ روز مظاہرین کے خلاف تشدد کا استعمال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں عرب شہریوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ حکومت کے خلاف مظاہروں میں شرکت کریں جو فلسطینیوں کو زندہ جلانے اور ان کے قتل کی حمایت کرتی ہے۔
اسرائیل کے سابق وزیر جنگ بینی گانٹز نے بھی نتن یاہو حکومت کو مظاہرین پر حملوں اور پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
بدھ کو تل ابیب میں نتن یاہو کی حکومت کے خلاف مظاہرے ہوئے جو پولیس کی مداخلت کے باعث پرتشدد ہوگئے۔
اسرائیلی ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کی پولیس نے حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کے الزام میں 29 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی داخلی سیکورٹی کے وزیر ایتمار بن گوویر کی تجویز پر صیہونی پارلیمنٹ کنیسٹ نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کے مطابق فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دی جا سکتی ہے۔
اس قانون کے مطابق صیہونیوں کے خلاف کارروائی اور حملے کرنے والے فلسطینیوں کو بھی سزائے موت دی جا سکتی ہے۔ مظاہرین اس قانون کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔