نتن یاہو کے خلاف مظاہروں میں شدت، تل ابیب کے پولیس سربراہ برطرف
صیہونی حکومت کی داخلی سیکورٹی کے وزیر نے اس شہر میں ہونے والے مظاہروں پر قابو پانے میں ناکامی پر تل ابیب کے پولیس سربراہ کو برطرف کردیا۔
سحر نیوز/ دنیا: عبرانی زبان میں شائع ہونے والے اخبار معاریو نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت کے داخلی سیکورٹی کے وزیر ایتمار بن گویر نے جمعرات کو مظاہروں پر قابو پانے میں ناکامی پر تل ابیب کے پولیس چیف کو برطرف کردیا۔
در ایں اثنا اسرائیلی فضائیہ نے بتایا ہے کہ اس نے نتن یاہو کے عدالتی اصلاحات کے منصوبے کے خلاف اسرائیلی پائلٹوں کی طرف سے ہڑتالوں اور مظاہروں کی قیادت کرنے پر ایک سینئر افسر کو برطرف کر دیا ہے۔
جمعرات کو نتن یاہو کی کابینہ کے مخالفین نے تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں عدالتی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے خلاف مظاہرہ کیا جس کے دوران اسرائیلی پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں ہوئیں۔
نتن یاہو کی کابینہ 29 دسمبر 2022 کو اقتدار میں آئی اور عدالتی اصلاحات کے ابتدائی مواد کے خلاف احتجاج 7 جنوری 2023 سے شروع ہوئے۔
صیہونی حکومت کی تاریخ اور شاید دنیا میں یہ پہلی بار ہے کہ کسی کابینہ کو اقتدار میں آنے کے صرف ایک ہفتے بعد ہی عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔