Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • روس ایٹمی خطرات میں کمی کے لیے مذاکرات پر تیار

روس نے کہا ہے کہ وہ ایٹمی خطرات کم کرنے کی غرض سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈ کوارٹر میں تعینات روسی مندوب ڈینس ژویکوف نے ترک اسلحہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایٹمی ممالک کے درمیان محاذ آرائی کے امکان کو کم کرنے کے لیے کثیر جانبہ کوششوں پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس سمجھتا ہے کہ ایٹمی ممالک کو پانچ ایٹمی ملکوں کے مشترکہ سربراہی بیان کے منافی اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا اشارہ تین جنوری دوہزار بائیس کے امریکہ ، روس، برطانیہ، فرانس اور چین کے مشترکہ سربراہی بیان کی جانب تھا جو ایٹمی جنگ کی روک تھام اور اسلحہ کی دوڑ کے حوالے سے جاری کیا گیا تھا۔
روسی مندوب نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مذکورہ ممالک کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جس سے ان کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایٹمی ممالک ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھیں تو ایٹمی محاذ آرائی کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کو دور کیا جاسکتا ہے۔

ٹیگس