فرانس، میکرون کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری
فرانس کی پولیس نے ایک سو گیارہ مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: آزادی اظہار کا ڈھنڈورا پیٹنے والی فرانس کی حکومت کے حکم پر احتجاجی جلوسوں میں شامل درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ریٹائرمنٹ کے قانون میں تبدیلی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
فرانس کی وزارت داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ ملک گیر مظاہروں میں پانچ لاکھ ستر ہزار فرانسیسی شہریوں نے شرکت کی جبکہ مزدور یونینوں نے مظاہرین کی تعداد بیس لاکھ سے زیادہ بتائی ہے۔
دارالحکومت پیرس، نانتس، نانسی اور رین سمیت فرانس کے متعدد شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں تاہم پولیس اور سیکورٹی اہلکار، مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کرکے پرامن ریلیوں کو پرتشدد بنا رہے ہیں۔
فرانسیسی عوام، ایمانوئل میکرون کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر باسٹھ سال سے بڑھا کر چونسٹھ سال کرنے پر چراغ پا ہیں اور اسے غیرمنصفانہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔