امریکہ کے لوئس ولے شہر میں شدید گولی باری، 4 افراد ہلاک
امریکہ میں ریاست کینٹکی کے شہر لوئس ولے میں شدید گولی باری میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست کینٹکی کے سب سے بڑے شہر لوئس ولے میں پیر کو زبردست گولہ باری ہوئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔ بعض رپورٹوں میں ہلاک شدگان کی تعداد 5 اور زخمیوں کی تعداد 9 بتائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق لوئس ولے شہر کے وسط میں واقع ایک بینک کی عمارت میں یہ فائرنگ ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔ لوئس ولے میٹرو پولیس محکمہ کے نائب سربراہ پال ہیمفری نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر حملہ آور کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن افسر کی حالت کے بارے میں معلومات ان کے پاس نہیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شہر کی ایسٹ مین اسٹریٹ پر واقع عمارت میں پیش آیا جس میں اولڈ نیشنل بینک واقع ہے۔ عمارت سے باہر نکلنے والے عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے عمارت کے اندر گولیوں کی آوازیں سنیں اور علاقے میں پولیس کی گاڑیاں بھی نظر آ رہی ہیں۔
ادھر کینٹکی ریاست کے گورنر اینڈی بیشیئر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ "برائے مہربانی تمام متاثرہ خاندانوں اور لوئس ولے شہر کے لیے دعا کریں۔"