جو بائیڈن کی حالت ایسی نہیں کہ آئندہ انتخابات میں کھڑے ہوسکیں: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکہ کے سابق صدر نے خیال ظاہر کیا ہے کہ جو بائیڈن کی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ سن دو ہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں کھڑے ہوسکیں۔
سحر نیوز/ دنیا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو بائیڈن کے حالیہ انٹرویو کے پیش نظر ایسا نہیں لگتا کہ وہ ایک نئے انتخابی مہم کا انتظام سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ امریکی صدر سے جب رپورٹر نے یہ سوال پوچھا کہ کیا وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں کھڑے ہوں گے یا نہیں تو انہوں نے واضح جواب دینے سے گریز کیا اور ادھر ادھر کی باتیں کرتے رہے۔
سابق امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خیال میں جو بائیڈن آئندہ انتخابات میں کھڑے نہیں ہو پائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سن دو ہزار چوبیس کے صدارتی مہم کا آغاز ریاست ٹیکساس سے کیا ہے۔ اپنے حامیوں کے اجتماع میں ٹرمپ نے حسب توقع جو بائیڈن، اپنے دیگر ری پبلکن رقیبوں اور عدالتی پراسیکیوٹروں کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کے خلاف فحش فلموں کی ایک اداکارہ کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کی رشوت دینے کا کیس بھی چل رہا ہے جس کی تحقیقات نیویارک کی ایک عدالت کر رہی ہے۔