May ۱۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کی گرفتاری پر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی اپنے شہریوں سے محتاط رہنے کی ہدایت، برطانیہ اور امریکہ میں مظاہرے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یورپی یونین نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی، جبکہ امریکا اور برطانیہ میں مظاہرے بھی ہوئے۔

سحر نیوز/پاکستان: ٹریول ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ شہری کشمیر، بلوچستان اور کے پی میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

کینیڈین ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے، مغربی طرز کے ریستورانوں اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہیں۔

کینیڈین ہائی کمیشن کی ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں، شہری ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے ہورہے ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر یورپی یونین کا بیان سامنے آگیا۔ ایک بیان میں یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مشکل اور تناؤ کے ماحول میں تحمل کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے راستے کا تعین پاکستانی عوام ہی کرسکتےہیں۔

پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح برطانیہ اور امریکی شہروں میں بھی سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔

پی ٹی آئی برطانیہ کی جانب سے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

مانچسٹر اور بریڈفورڈ میں مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرعمران خان کی حمایت اور شہباز حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ عمران خان بے قصور ہیں اور انہیں فوری طور پر رہائی دی جائے۔

دوسری جانب ہیلی فیکس، ھڈرزفیلڈ اور دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے جس میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں ہمدردوں اور پاکستانی امریکنز نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

عمران خان کی گرفتاری پر مشتعل اور غم و غصے کا شکار مظاہرین اپنے ہاتھوں میں مذمتی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

مظاہرین نے پاکستان کی حکومت اور اسٹبلشمنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے روزانہ کی بنیاد پر ہیوسٹن میں مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز رینجرڑ نے نیب کے کہنے پر سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا جس کے بعد پاکستان بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے، اس دوران کئی گاڑیاں نذر آتش کی گئیں اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت بڑے پیمانے پر کارکنوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

ٹیگس