عالی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی
امریکہ کے خام تیل کے ذخائر میں اچانک اضافہ ہونے کے اعلان کے بعد تیل اور توانائی کی عالمی منڈیوں میں جمعرات کو قیمتوں میں دو فیصد کمی آنے کا مشاہدہ کیا گیا۔
سحر نیوز/ دنیا: رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے بعد نارتھ سی برینٹ تیل کی قیمت ایک اعشاریہ تین آٹھ ڈالر کم ہو کر چھہتر اعشاریہ صفر چھے ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تیل کی قیمت بھی ایک اعشاریہ چار آٹھ ڈالر کی کمی کے ساتھ بہتر اعشاریہ دو تین ڈال فی بیرل تیل ہو گئی۔
امریکہ کی توانائی کی تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پانچ مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکہ کے خام تیل کے ذخائر میں تیس لاکھ بیرل تیل کا اضافہ دیکھا گیا جس سے بلیک گولڈ کے اندرونی تقاضے میں کمی آنے کا پتہ چلتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی تجزیہ نگاروں نے اندازہ لگایا تھا کہ اس مدت میں امریکی خام تیل کے ذخائر میں نو لاکھ بیرل تیل کی کمی آئے گی۔ جبکہ اوپیک پلس آئل کارٹیل نے جس میں اوپک تنظیم کے رکن ممالک اور روس بھی شامل ہے، مئی سے رضاکارانہ طور پرمنڈیوں میں گیارہ لاکھ ساٹھ ہزار بیرل تیل کم فراہم کرنے کا اقدام کیا اور یہ عمل رواں سال کے آخر تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اوپک کا آئندہ اجلاس چار جون کو تشکیل پائے گا اور اوپیک پلس آئل کارٹیل کی جانب سے توانائی کی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں یہ تلاطم تیل کے سلسلے میں نئی پالیسی اختیار کئے جانے کا باعث بن سکتا ہے۔