May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • سوڈانی بحران کے نتیجے میں پناہ گزینوں کی بڑھتی تعداد

پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہےکہ سوڈان میں خانہ جنگی کے نتیجے میں دو لاکھ سوڈانی عوام پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے ترجمان اولگا سارادو نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سوڈان میں چار ہفتوں سے تشدد و خانہ جنگی کا سلسلہ جاری ہے اور سوڈان سے باہر پناہ گزینوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔

اولگا سارادو نے کہا کہ صرف سوڈان سے باہر ہی پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے بلکہ سوڈان میں بھی بے گھر ہونے والے شہریوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے پاس روزانہ کی ضروریات کی اشیا بھی نہیں ہیں۔

آزاد ڈاکٹروں کی یونین نے بھی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ سوڈان کی خانہ جنگی میں اب تک پانچ سو چوبیس عام شہری جاں بحق اور دو ہزار آٹھ سو بہتر دیگر زخمی ہو چکے ہیں اور سیکورٹی کی بحرانی صورت حال کی بنا پر بعض زخمی اسپتالوں تک نہیں پہنچ سکے ہیں اس لئے جاں بحق اور زخمیوں کی صحیح تعداد کا کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فائر بندی کے مذاکرات کے سات دور ہونے اور جنگ بندی کا اعلان کئے جانے کے باوجود جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں ہی فریق ایک دوسرے پر خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

ٹیگس