May ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • گروپ سیون کے بیان پر چین کا شدید ردعمل

چین کی وزارت خارجہ نے گروپ سیون کے بیان پر ردعمل میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین کے داخلی امور میں مداخلت نہ کیجیے۔

سحر نیوز/ دنیا:چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں گروپ سیون کے رکن ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بہانے چین پر تنقید کرنے سے گریز کریں اور خلاف ورزیوں سے بھرے اپنے ماضی پر توجہ دیں۔

اس بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ہانگ کانگ، سین کیانگ اور تبت کے امور چین کے داخلی مسائل ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ بیجنگ انسانی حقوق کی آڑ میں ملکوں کے داخلی امور میں غیرملکی طاقتوں کی ہر قسم کی مداخلت کا مخالف ہے۔

برطانیہ میں چین کے سفارت خانے نے بھی گروپ سیون کے ممالک کو خبردار کیا ہے جو بھی اقدام بیجنگ کے مفادات کو نقصان پہنچائے گا اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گروپ سیون نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں تائیوان کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی برادری کی سیکورٹی اور فلاح و بہبود کے لیے ضروری پیشگی شرط کے طور پر آبنائے تائیوان کی دونوں جانب امن و استحکام کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔

ٹیگس