بار بار گر پرنے کے باوجود، بایڈن صدارت سے دستبردار نہیں (ویڈیو)
امریکی صدر جوبائیڈن ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے۔
سحر نیوز/دنیا: 80 سالہ جوبائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں اور صدارت سنبھالنے کے بعد وہ اب تک کئی بار لڑکھڑا کر گر چکے ہیں مگر اس کے باوجود وہ امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور امیدوار کھڑے ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ امریکی رائے عامہ اور اپوزیشن کا یہ کہنا ہے کہ امریکی صدر بایڈن میں عہدۂ صدارت کو سنبھالنے کے لئے لازمی شرائط نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے سن رسیدہ صدر بائیڈن جمعرات کو کولوراڈو میں ایئر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری دینے کی ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے جہاں ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی وہ کیڈٹس کو ڈگری دے کر آگے بڑھے، اچانک وہ لڑ کھڑا کر زمین پر گر پڑے جس کے بعد اسٹیج پر موجود ایئرفورس کے اہلکاروں نے انہیں سہارا دے کر دوبارہ کھڑا کیا جس کے بعد وہ واپس جاکر اپنی جگہ پر بیٹھ گئے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن بالکل ٹھیک ہیں، انہیں کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔ وائٹ ہاؤس کا یہ کہنا ہے کہ اسٹیج پر موجود ریت کے ایک چھوٹے تھیلے سے انہیں ٹھوکر لگی جس کے باعث وہ گر پڑے۔