یوکرین کی جنگ کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے : روس
روس کا کہنا ہے کہ یوکرین کو دور مار میزائیلوں کی فراہمی سے کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔
سحرنیوز/ دنیا : روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ روس کو جنگ یوکرین کو اس کے انجام تک پہنچانا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ مغربی ملکوں نے برسوں تک کہ جب روس کی کارروائیاں انجام نہیں پائی تھیں، روس کے سرحدی صوبے بلگورود اور دونباس پر گولہ باری کو نظرانداز کیا تھا۔
انھوں نے مغرب کی جانب سے یوکرین کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو دور مار میزائیلوں کی فراہمی سے کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔
دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات روس کو اس بات پر مجبور کر دیں گے کہ وہ زیادہ توجہ اور زیادہ مضبوطی کے ساتھ یوکرین کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں انجام دے اور انھیں جاری رکھے۔ جرمن میڈیا نے بھی گذشتہ ہفتے باوثوق ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ یوکرین نے جرمنی سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے پانچ سو کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے تاروس میزائیل فراہم کرے۔
دوسری جانب انڈونیشیا کے وزیر دفاع پرابووو سوبیانتو (Prabowo Subianto) نے سنگاپور میں ہونے والے شنگریلا اجلاس میں پوری دنیا کے فوجی اور دفاعی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایک بیان جاری کر کے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو روکنے کا مطالبہ کریں۔
یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان اولگ نیکولنکو نے انڈونیشیا کے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔