امریکہ کے صدارتی انتخابات کے امیدوار کی حیثیت سے مائک پینس کے نام کا اعلان
امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کے دور حکومت میں نائـب صدر کے عہدے پر رہے مائیک پینس نے امریکہ کے دو ہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن کے انٹرا پارٹی رقابت کے لئے اپنی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق مائک پینس کی جانب سے امیدواری کے اعلان کے بعد اب انھیں اپنی پارٹی میں ٹرمپ کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔ توقع کی جاتی ہے کہ مائک پینس جو ٹرمپ کے دور حکومت کے خاتمے کے بعد سے ٹرمپ پر کبھی تنقید اور کبھی ان کی حمایت کا اعلان کرتے رہے ہیں اب دو ہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں خود کو پارٹی کے قدامت پسند امیدوار کی حیثیت سے پیش کریں گے۔
اندرون پارٹی ٹرمپ کے حریفوں میں ایسی حالت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے کہ ٹرمپ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں کھڑے ہوں گے اور ڈیموکریٹس امیدوار جوبائیدن کا مقابلہ کریں گے۔ اندرون پارٹی امیدوار کی حیثیت سے ٹرمپ کے مقابلے میں اب تک فلوریڈا کے شدت پسند گورنر ران دسانتیس، اقوام متحدہ میں سابق امریکی مستقل مندوب نکی ہیلی، ارکنساس کے سابق گورنر ہاچینسن، ایک کاروباری راما سوامی، ریڈیو اناؤنسر اور جنوبی کیرولائنا کے سینیٹر لری ایلڈر کے نام شامل ہیں۔