Jun ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • جرمنی کی پسپائی، یوکرین کو کروز میزائل نہ دینے کا فیصلہ

جرمن وزیر دفاع نے کہا ہے کہ برلن فی الحال یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹورس کروز میزائل فراہم نہیں کرے گا۔

سحر نیوز/ دنیا: جرمن چانسلر اولاف شولٹز کی جانب سے واضح طور پر کہنے کے بعد کہ برلن جب تک ضروری ہو کیف کی حمایت کرے گا، ملک کے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ یوکرین کو ٹورس کروز میزائل فراہم نہیں کریں گے۔

جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے کہا ہے کہ برلن یوکرین کو ٹورس کروز میزائل بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن کیف کو جدید مغربی جنگی طیارے بھیجنے کے بارے میں اپنے موقف پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔

جرمن میڈیا رپورٹس کے مطابق پسٹوریئس نے کہا کہ جرمنی فی الحال یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹورس کروز میزائل فراہم نہیں کر رہا ہے۔

یوکرین کے لیے جرمنی کی مسلسل حمایت ایسے وقت پر جاری ہے کہ جب ملک کی معیشت کساد بازاری کے دہانے پر ہے جس کی وجہ بلند افراطِ زر، روسی توانائی کی برآمدات کے خلاف مغربی پابندیوں کی وجہ سے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔

ٹورس ایک پن پوائنٹ میزائل ہے جس کی رینج 500 کلومیٹر ہے اور یہ انتہائی درستگی کے ساتھ اہم زیر زمین تنصیبات بشمول پناہ گاہوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل ریڈار کی نظروں سے بچنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔

ٹیگس