Jun ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • پولیس کے ہاتھوں فرانسیسی نوجوان کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے

فرانس میں پولیس کی جانب سے نوجوان کو گولی مارنے کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیرس میں فرانسیسی پولیس نے کار میں سوار نوجوان کو سینے میں گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ مرنے والے 17 سالہ فرانسیسی الجزائری نوجوان کی شناخت نائل کے نام سے ہوئی ہے۔

اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان کرائے کی گاڑی چلا رہا تھا اور اس کو پولیس نے بلااشتعال گولی ماری ہے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ نوجوان ڈرائیور نے انہیں کچلنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی نوجوان کو گولی مارنے کی ویڈیو سامنے آ گئی جس سے پولیس کی مؤقف بدلنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔

فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ دو پولیس اہلکار اسٹیشنری کار کے کنارے کھڑے ہیں، جن میں سے ایک ڈرائیور کی طرف ہتھیار سے اشارہ کر رہا ہے جہاں ایک آواز سنائی دیتی ہے کہ تمہیں سر میں گولی لگنے والی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کے چلتے ہی پولیس افسر پوائنٹ بلینک فائر کرتا ہے جس کے فوراً بعد کار حادثے کا شکار ہوجاتی ہے اور کچھ ہی دیر میں کار سوار کی موت ہوگئی۔

پیرس میں نوجوان کے قتل کے بعد مشتعل افراد نے پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا اور اس دوران کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مظاہروں میں ملوث 9افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔

ٹیگس