امریکی دھمکی پھر نظر انداز، شمالی کوریا کا دور مار بیلسٹک میزائل کا تجربہ
شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل جاپان کے مشرقی سمندر میں گرا۔ اس رپورٹ کے مطابق بیلسٹک میزائل نے ایک گھنٹے سے زائد پرواز کی جس کے بعد وہ سمندر میں گرا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل 74 منٹ تک فضا میں رہا جس کا وقت مارچ اور اپریل میں ٹیسٹ کیے گئے میزائلوں سے چند منٹ زیادہ ہے۔
اس حوالے سے جنوبی کوریا نے ردعمل میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ سنگین اشتعال انگیزی ہے۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ جزیرہ نما کوریا کے امن و سلامتی کے لیےخطرہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی بہن نے امریکہ کو شمالی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کے بارے میں خبر دار کیا تھا۔
کِم یو جونگ نے امریکی جاسوس طیارے کا شمالی کوریا کی فضائی حدود میں 8 مرتبہ داخل ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے امریکی جاسوس طیارے کے شمالی کوریا کی فضائی حدود میں 8 مرتبہ داخل ہونے کو غیرقانونی مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج کو بہت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کِم یو جونگ نے کہا کہ شمالی کوریا کی فوج امریکی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، انہوں نے امریکہ کو متنبہ کیا کہ ایسی پروازوں کو تباہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
شمالی کوریا نے اس سے قبل بھی جزیرہ نمائے کوریا کے اطراف میں امریکہ کے جاسوس طیاروں کی پرواز کے بارے میں خبر دار کیا تھا۔