Jul ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • مغربی افریقی ملک نائیجر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ 

الجزیرہ کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق نائیجر فوج کے کرنل نے دیگر نو فوجی افسروں کے ہمراہ  سرکاری ٹی وي چینل پرکہا ہے کہ صدر محمد بازوم کو، جن کو بدھ کے روز حراست میں لیا گیا تھا اب اقتدار سے برطرف کر دیا گیا ہے-

 سحر نیوز/  دنیا :   فوجی کرنل نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے معطل اور سرحدیں بند کرتے ہوئے کرفیو نافذ کر دیا گيا ہے۔ انہوں نے دیگر نو فوجیوں کے ساتھ سرکاری ٹی وی پر کئے جانے والے خطاب میں کہا کہ ہم نے یعنی ’ دفاعی اور سکیورٹی فورسز نے‘ سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور خراب گورننس کی وجہ سے صدر بازوم کی حکومت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق صدر محمد بازوم کو فوجی اہلکاروں کی جانب سے صدارتی محل سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب نائیجر کے صدارتی دفتر نے آمروں کے اقدام کو ریاست کے خلاف بغاوت قرار دے دیا ہے۔

 مغربی افریقی ریاستوں کی اقتصادی برادری (ایکواس) اور افریقی یونین نے بھی اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے اسے بغاوت قرار دیا ہے۔ نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو کے دستخط شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکواس طاقت کے ذریعے اقتدار پر قبضے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور بغاوت کی سازش کرنے والوں سے جمہوری طور پر منتخب صدر کو فوری طور پر اور بغیر کسی شرط کے آزاد کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ادھر یورپی یونین کے سفارت کار جوزپ بوریل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر ) پر جاری اپنے ایک بیان میں فرانسیسی زبان میں لکھا کہ وہ نیامی میں ہونے والے واقعات سے بہت پریشان ہیں، یورپی یونین جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے اور نائیجر کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی تمام کوششوں کی مذمت کرتی ہے-

ٹیگس